بھٹکل 30 جنوری (ایس او نیوز) آسارکیری کے قریب صدیق اسٹریٹ میں واقع مسجد سیدنا عمر بن الخطاب کے باہر عوام الناس کو صاف و شفاف پانی فراہم کرنے کے مقصد سے واٹر فلٹر کی سہولت کا آج اتوار بعد نماز عصر بھٹکل جماعت المسلمین قاضی کے ہاتھوں افتتاح کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسجد کے ذمہ داران نے بتایا کہ آسارکیری میں قائم کئے گئے فلٹر واٹر کی سہولت سے مسلم غیر مسلم سبھی لوگ فائدہ اُٹھاسکیں گے۔ یہاں پانچ روپیہ کا سکہ ڈالنے پر بیس لیٹر فلٹر پانی حاصل کرنے کی سہولت رکھی گئی ہے۔ علاقہ میں چونکہ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلمانوں کی بھی بڑی آبادی پائی جاتی ہے اور گرمی کے دنوں میں یہاں صاف پانی کی شدید قلت پائی جاتی ہے، مسلمانوں کے ساتھ ساتھ برادران وطن کے ذمہ داران نے بھی توقع ظاہر کی کہ یہاں فلٹر پانی کا انتظام کرنے سے علاقہ کے عوام کو صاف و شفاف پانی آسانی کے ساتھ دستیاب ہوگا۔
قاضی جماعت المسلمین مولانا عبدالرب خطیب ندوی، قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی، مسجد سیدنا عمر بن الخطاب کے صدر عبدالحق دامدا، آسارکیری کے سابق کونسلر اور سابق آٹورکشہ یونین کے سکریٹری وینکٹیش نائک وغیرہ نے اس موقع پر اپنے اپنے تاثرات پیش کئے۔ مسجد کے امام مولانا نبیل رکن الدین ندوی نے نظامت کی۔ مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر ایس ایم پرویز، مسجد کے سکریٹری شکیل محتشم، عبدالواجد کولا، عبدالعظیم محتشم، مصطفیٰ عسکری و دیگر علاقہ کے ذمہ داران موجود تھے۔